آسٹریلیا میں یہودی عبادت گاہ سینا گوگ میں حملہ آوروں نے آتش گیر مادہ پھینک کر آگ لگا دی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں سیناگوگ پرلگنے والی آگ اتنی خوفناک تھی کہ درجنوں فائر فائٹرز اور ٹرکوں نے بمشکل قابو پایا۔
آتشزدگی میں یہودی عبادت گاہ کا ایک حصہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔ پولیس اور امدادی ٹیموں نے سیناگوگ میں پھنسے شہریوں کو نکالا۔
پانچ افراد جھلس جانے کے باعث زخمی ہوئے جنھیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ درجن سے زائد افراد کی دھوئیں کے باعث حالت غیر ہوگئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماسک پہنے دو حملہ آوروں نے آتش گیر مادہ پھینکا اور آگ لگا کر فرار ہوگئے۔
میلبرن پولیس نے دو مشتبہ حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی تاہم اب تک انھیں ناکامی کا سامنا رہا ہے۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
یاد رہے کہ اس سیناگوگ کو ہولوکاسٹ سے بچ جانے والے یہودیوں نے 1960 میں تعمیر کرایا تھا جس سے اسے تاریخی اہمیت بھی حاصل ہے۔
اسرائیل کی غزہ میں 8 اکتوبر 2023 سے جاری مسلسل بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 45 ہزار کے قریب پہنچ گئی جب کہ ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔
شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف سے زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جب کہ 12 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہیں۔
اسرائیل کی اس جارحیت کے بعد سے متعدد ممالک میں اسرائیلی سفارت خانوں پر حملوں کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔
Leave a Reply