اسرائیلی فوج نے یحییٰ سنوار کی بیوی بچوں کے ہمراہ سرنگ سے نکلنے کی ویڈیو جاری کردی
اسرائیلی فورسز سے دلیری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے حماس سربراہ یحییٰ سنوار کی 7 اکتوبر 2023 کے حملے سے پہلے کی ویڈیوسامنے آگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی دفاعی فوج (آئی ڈی ایف ) نے یحییٰ سنوار کی بیوی بچوں کے ہمراہ سرنگ سے نکلنے کی ویڈیو جاری کی ہے۔
ویڈیو میں یحییٰ سنوار کو 7 اکتوبر 2023 کے حملے سے قبل خاندان کے ساتھ سرنگ سے نکلتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں یحیٰی سنوار اپنے خاندان کو فلسطینی شہر خان یونس کی سرنگ سے بنکر میں منتقل کرتے دیکھے جاسکتے ہیں، سرنگ سے نکلتے وقت ان کے ہاتھوں میں تکیے، پانی اور ایک ٹی وی جب کہ بچوں کے ہاتھوں میں اسکول بیگ تھے۔
یہ بھی پڑھیں
- حماس سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت کیسے ہوئی؟ پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی
- طبعی موت کے بجائے ایف 16 طیارے یا بم سے شہید ہونے کو ترجیح دوں گا، یحییٰ سنوار کی پرانی ویڈیو وائرل
ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ’ خان یونس کی سرنگ میں جانے کے بعد یحیٰی سنوار نے 7 اکتوبر کو حملہ شروع کرنے کا حکم دیا تھا‘۔
واضح رہے کہ یحییٰ سنوار 16 اکتوبر 2024 کو غزہ کے علاقے رفح میں اسرائیلی فورسز کے ساتھ لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے، جس کے بعد سے اب تک اسرائیلی فورسز کی جانب سے یحییٰ سنوار کی شہادت سے قبل کی بھی کئی ویڈیوز جاری کی جاچکی ہیں۔
اس سے قبل اسرائیلی فورسز نے یحییٰ سنوار کی شہادت سے قبل کی ایک ڈرون ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں انہیں ایک تباہ حال عمارت کی دوسری منزل پر زخمی حالت میں صوفے پر بیٹھے دیکھا گیا تھا ۔
بعد ازاں اسرائیلی فورسز نے یحییٰ سنوار کی ایک اور ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں انہیں صیہونی فورسز کے ساتھ جھڑپ کرتے اور کھڑکی سے فائرنگ کرتے دکھایا گیا۔
Leave a Reply